جمعرات 22 اکتوبر 2026 - 12:43
ولایت فقیہ انقلاب اسلامی کے تحفظ کا مضبوط سہارا ہے: آیت اللہ جواد مروی

حوزہ/ آیت اللہ جواد مروی نے ولایت فقیہ کے دفاع، عوام کے ساتھ میدان میں موجود رہنے اور دینی و سماجی ذمہ داریاں ادا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ولایت فقیہ نے انقلاب اسلامی کو دشمنوں کے تمام حملوں کے مقابلے میں مضبوط تحفظ فراہم کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم کے حوزہ علمیہ میں طلاب اور علما کے درمیان درس اخلاق سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ جواد مروی نے ایام فاطمیہ کی مناسبت سے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی تعلیمات پر توجہ دینے کی اہمیت بیان کی۔

انہوں نے کہا کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے دونوں خطبے اہل بیت علیہم السلام کے نزدیک غیر معمولی اہمیت رکھتے تھے۔ علامہ شرف الدین کے مطابق، اہل بیت علیہم السلام اپنے بچوں کو ان خطبوں کو یاد کرنے کی اسی طرح تاکید کرتے تھے جس طرح قرآن کریم حفظ کرنے کی تاکید کی جاتی تھی۔ لہٰذا ایام فاطمیہ میں ان خطبوں کا مطالعہ کیا جائے اور ان کے معارف دوسروں تک بھی پہنچائے جائیں۔

آیت اللہ مروی نے معنوی ترقی کے لیے گناہوں سے بچنے اور ان کے نقصانات کو پہچاننے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ غیبت جیسے گناہوں کے اثرات کو سمجھنا ضروری ہے۔ قرآن کریم سے وابستگی اور اس کی تعلیمات سے استفادہ بھی ان امور میں شامل ہے جن سے غفلت نہیں برتنی چاہیے۔

انہوں نے دعاؤں کو اہل بیت علیہم السلام کا عظیم علمی و معنوی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شیعہ معاشرے کے پاس یہ بے مثال خزانہ موجود ہے، لیکن اس سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھایا جا رہا۔ اس سلسلے میں انہوں نے آیت اللہ سید محمد ہادی میلانی کے واقعے کا ذکر کیا کہ آپریشن کے بعد ہوش میں آتے ہی وہ دعائے ابوحمزہ ثمالی پڑھنے لگے۔ ان کی حالت اور دعا کے کلمات سے متاثر ہوکر آپریشن کرنے والے پروفیسر بلون نے اسلام قبول کیا اور مذہب تشیع اختیار کرلیا۔

آیت اللہ مروی نے سحرخیزی کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ علم، فہم اور ذہنی صلاحیتوں میں ترقی کے لیے سحر کے وقت بیدار ہونے کی عادت اپنانی چاہیے۔

انہوں نے علما کی سماجی ذمہ داریوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام جب اپنی ذمہ داری ادا کرنے کے لیے میدان میں موجود ہوں تو علماء ان سے پیچھے نہ رہیں۔ ولایت فقیہ کا بھرپور دفاع ہم سب کی ذمہ داری ہے، کیونکہ ولایت فقیہ انقلاب اسلامی کا بنیادی ستون ہے۔

انہوں نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کی اطاعت اور عوام کے ساتھ میدان میں موجود رہنے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha